خیبرپختونخوا کے ضلع کوہاٹ کی تحصیل گمبٹ میں ایک افسوسناک واقعے میں پرانی دشمنی کے نتیجے میں جنازے کے جلوس پر فائرنگ کر دی گئی، جس کے نتیجے میں دو خواتین سمیت تین افراد جاں بحق جبکہ 15 سے زائد افراد زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق متاثرہ خاندان میت کو گھر لے جا رہا تھا جب راستے میں گھات لگائے مخالفین نے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ اچانک ہونے والی اس فائرنگ سے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔
زخمیوں اور جاں بحق افراد کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ اسپتال ذرائع کے مطابق بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ دیرینہ دشمنی کا نتیجہ ہو سکتا ہے، اور علاقے کو گھیرے میں لے کر تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
مقامی افراد نے واقعے پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے اور حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ملزمان کو فوری گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔





