پاکستان کی معیشت میں نئی جان!عالمی سطح پر پاکستان کی واپسی، ترسیلات زر اور سرمایہ کاری نے نیا ریکارڈ قائم کیا

پاکستان کی معیشت میں نئی جان!عالمی سطح پر پاکستان کی واپسی، ترسیلات زر اور سرمایہ کاری نے نیا ریکارڈ قائم کیا

پاکستان کی معیشت میں بہتری اور عالمی سطح پر اعتماد کی بحالی کے اثرات روز بروز نمایاں ہوتے جا رہے ہیں۔ اس کا واضح ثبوت ترسیلات زر، غیر ملکی سرمایہ کاری، برآمدات اور پائیدار ترقیاتی منصوبوں میں ریکارڈ اضافہ ہے۔

مالی سال 2024-25 کے ابتدائی 11 ماہ میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے 34.89 ارب ڈالر کی ترسیلات زر بھجوائیں، جو گزشتہ برس کے مقابلے میں نمایاں اضافہ ہے۔ ان ترسیلات کا 70 فیصد سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، برطانیہ اور امریکا سے موصول ہوا، جو نہ صرف بیرون ملک پاکستانیوں کے اعتماد کا مظہر ہے بلکہ ملکی معیشت کے لیے ایک مضبوط سہارا بھی فراہم کرتا ہے۔

معاشی استحکام میں اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) نے کلیدی کردار ادا کیا، جو اپنے دوسرے سال میں داخل ہو چکی ہے۔ ایس آئی ایف سی کی قیادت میں کی جانے والی اصلاحات اور پالیسی اقدامات نے سرمایہ کاری، برآمدات اور مالی نظم و نسق کے شعبوں میں کئی نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔

یورپی منڈیوں میں پاکستانی برآمدات میں 8.62 فیصد اضافہ ہوا ہے، جہاں صرف ابتدائی 10 ماہ میں 7.553 ارب ڈالر کی برآمدات ریکارڈ کی گئیں۔ اس پیشرفت نے پاکستان کو عالمی تجارتی نقشے پر مزید مستحکم کیا ہے۔

سرمایہ کاری کے میدان میں بھی مثبت رجحان سامنے آیا۔ ربڑ، سیمنٹ، تعمیرات، گھریلو اشیاء اور سماجی خدمات جیسے شعبوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری بڑھی ہے۔ سرمایہ کاروں کے اعتماد کی بحالی کا اندازہ اس امر سے لگایا جا سکتا ہے کہ غیر ملکی کمپنیوں کی جانب سے منافع کی وطن واپسی میں 115 فیصد اضافہ ہوا۔

پاکستان نے ماحول دوست پالیسیوں کی جانب بھی اہم پیش رفت کی ہے۔ حال ہی میں ملک کا پہلا گرین سکوک بانڈ جاری کیا گیا، جس کے تحت 30 ارب روپے ماحولیاتی منصوبوں کے لیے مختص کیے گئے، یہ پائیدار ترقی کی جانب ایک مضبوط قدم ہے۔

بین الاقوامی مالیاتی ادارہ (IMF) بھی پاکستان کی معاشی اصلاحات سے مطمئن نظر آ رہا ہے، جس نے پاکستان کے لیے 1.4 ارب ڈالر کے پائیدار ترقیاتی فنڈز کی منظوری دی ہے۔ یہ اقدام پاکستان کی اقتصادی پالیسیوں پر عالمی سطح پر اعتماد کی غمازی کرتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر موجودہ معاشی سمت، پالیسیوں کا تسلسل اور اصلاحاتی اقدامات برقرار رہے، تو پاکستان جلد ہی خطے کی ایک مضبوط معیشت کے طور پر ابھر سکتا ہے۔

Scroll to Top