وزیراعظم شہباز شریف اور امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ

وزیراعظم شہباز شریف اور امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں پاک امریکا تعلقات، خطے میں امن، اور باہمی تعاون کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جرات مندانہ قیادت کو سراہا اور کہا کہ مارکو روبیو کی سفارتی کوششوں کی بدولت پاک بھارت جنگ کے خطرے کو ٹالا جا سکا۔

وزیراعظم نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں دیرپا امن کے لیے پاکستان اور بھارت کے درمیان مذاکرات ضروری ہیں۔

انہوں نے مسئلہ کشمیر، آبی معاہدے، تجارت اور دہشتگردی جیسے اہم موضوعات پر بات چیت کی ضرورت پر زور دیا۔

مارکو روبیو نے پاکستان کے علاقائی امن کے لیے تعمیری کردار کی تعریف کی اور کہا کہ امریکہ پاکستان کے ساتھ قریبی شراکت داری کے لیے پرعزم ہے۔

انہوں نے دہشتگردی کے خلاف پاکستان کی سنجیدہ کوششوں کو بھی سراہا۔

دونوں رہنماؤں نے پاک امریکا تعلقات کو عملی تعاون میں بدلنے پر اتفاق کیا اور وزیراعظم نے صدر ٹرمپ اور مارکو روبیو دونوں کو پاکستان کے دورے کی باضابطہ دعوت دی۔

وزیراعظم نے ایران اسرائیل بحران پر بھی بات چیت کی اور پرامن حل کی حمایت کا اظہار کیا۔

یہ بھی پڑھیں:تاثرپیدا ہورہاہے کہ صوبے کے معاملات اڈیالہ جیل سے چلائے جا رہے ہیں،فیصل کریم کنڈی

انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کے لیے تعمیری کردار ادا کرنے کو تیار ہے اور پاکستان امریکا کے ساتھ تجارت، توانائی، آئی ٹی اور معدنیات کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے۔

Scroll to Top