ایران نے اعلان کیا ہے کہ اسرائیلی حملے بند نہ ہونے تک جوہری مذاکرات پر بات چیت نہیں کی جائے گی۔ یہ بیان ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا میں جرمنی، فرانس اور برطانیہ کے وزرائے خارجہ کے ساتھ مذاکرات کے بعد دیا۔
عباس عراقچی نے کہا کہ یورپی رہنماؤں کے ساتھ بات چیت سنجیدہ اور باوقار رہی اور وہ مستقبل میں بھی ملاقات کے لیے تیار ہیں۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ ایران کی دفاعی صلاحیتوں پر کوئی بات نہیں کی جائے گی۔
عباس عراقچی نے صحافیوں کو بتایا کہ اسرائیل کو ایران کے شہری آبادی پر حملے روکنے چاہئیں، کیونکہ حملے بند کیے بغیر مذاکرات ممکن نہیں۔
دوسری جانب برطانوی وزیر خارجہ نے ایران سے امریکا کے ساتھ بات چیت جاری رکھنے کا مطالبہ کیا ہے جبکہ فرانسیسی وزیر خارجہ نے کہا کہ یہ سفارتی کوششیں مذاکرات کی راہ ہموار کریں گی۔
یہ بھی پڑھیں : باجوڑ: تھانہ لوئی سم پولیس نے گاڑی چوری کے گینگ کا تیسرا ملزم گرفتار کر لیا
یاد رہے کہ اسرائیلی حملوں کی حمایت کے باعث ایران نے امریکا کے ساتھ جوہری مذاکرات کے چھٹے دور میں شرکت سے انکار کر دیا تھا، جو اتوار کو مسقط میں شیڈول تھا۔ اس کے بعد یورپی وزرائے خارجہ نے ایران سے براہ راست مذاکرات کا فیصلہ کیا تھا۔





