نیشنز کپ میں سلور میڈل جیتنے والی پاکستان ہاکی ٹیم وطن پہنچ گئی

ایف آئی ایچ نیشنز کپ میں شاندار کارکردگی کے بعد پاکستان کی قومی ہاکی ٹیم ملائیشیا سے وطن واپس پہنچ گئی۔

کھلاڑی اتوار کے روز علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور پہنچے، جہاں پنجاب ہاکی فیڈریشن کے عہدیداران اور کھلاڑیوں کے اہلخانہ نے ٹیم کا گرمجوشی سے استقبال کیا۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے اسٹاف نے کھلاڑیوں کو پھولوں کے ہار پہنائے اور ان کی محنت کو سراہا، تاہم ایئرپورٹ پر کسی حکومتی عہدیدار کی موجودگی نہ ہونا نمایاں رہا۔

قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ طاہر زمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم نے محدود وسائل کے باوجود بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کھلاڑیوں کی محنت، لگن اور جذبے کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

ٹیم کے کپتان عماد بٹ نے کہا کہ ایونٹ کے دوران کھلاڑیوں نے بھرپور محنت کی، مگر فائنل میں وہ اپنی توقعات پر پورا نہ اتر سکے۔ انہوں نے زور دیا کہ اگر حکومت قومی کھیل ہاکی پر توجہ دے تو پاکستان ایک بار پھر عالمی سطح پر اپنی سابقہ حیثیت بحال کر سکتا ہے۔

کھلاڑیوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ قومی کھیل کو درپیش مسائل کے حل کے لیے فوری اور سنجیدہ اقدامات کیے جائیں تاکہ پاکستان ہاکی کو دوبارہ عروج حاصل ہو سکے۔

Scroll to Top