واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کی جانب سے جوہری تنصیبات پر امریکی حملے کے بعد ردعمل کو کمزور قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا کو مبارک ہو، امن کا وقت آ گیا ہے۔
اپنے تازہ بیان میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران نے امریکی حملے کے جواب میں 14 میزائل فائر کیے، جن میں سے 13 کو امریکی دفاعی نظام نے تباہ کر دیا، جبکہ ایک میزائل کو اس لیے جانے دیا گیا کیونکہ وہ غیر دھمکی آمیز سمت کی طرف بڑھ رہا تھا۔

صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران کو اب چاہیے کہ وہ خطے میں امن کی طرف قدم بڑھائے۔ انہوں نے زور دیا کہ کشیدگی کم کرنے کا وقت آ چکا ہے اور امریکہ خطے میں مزید تصادم نہیں چاہتا۔

ٹرمپ نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ایران نے قطر میں امریکی ملٹری بیس پر حملے سے قبل پیشگی اطلاع دی تھی، جس سے پتہ چلتا ہے کہ ایران براہ راست تصادم سے گریز کر رہا تھا۔
اس کے علاوہ ٹرمپ نے خطے میں امن کے لیے کی گئی تمام کوششوں پر امیر قطر کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔
واضح رہے کہ ایران نے امریکی حملے کا جواب دیتے ہوئے قطر میں امریکی فوجی اڈے پر میزائلوں سے حملہ کیا ہے۔
ایران کے سرکاری ٹی وی نے تصدیق کی ہے کہ ایرانی میزائلوں نے قطر کے العُدید فوجی ہوائی اڈے کو نشانہ بنایا۔
حملے سے کچھ دیر پہلے قطر نے اپنی فضائی حدود بند کرنے کا اعلان کیا تھا، جب کہ 3 روز پہلے یہ خبر آئی تھی کہ امریکا نے اپنے 40 جنگی جہاز العُدید کے فوجی اڈے سے نکال لیے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : ایرانی تنصیبات پر حملے کے بعد ٹرمپ اور امریکی میڈیا آمنے سامنے
صدر ٹرمپ کے اس بیان کو بعض مبصرین خطے میں کشیدگی کم کرنے کی کوشش کے طور پر دیکھ رہے ہیں، تاہم ایران کی جانب سے اس پر تاحال کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔





