کاراکس: وینزویلا میں آنے والے دو انتہائی طاقتور زلزلوں نے وسیع پیمانے پر تباہی مچا دی، جس کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 920 ہو گئی ہے جبکہ 3 ہزار 360 سے زائد افراد زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
برطانوی میڈیا کے مطابق ملک میں مختصر وقفے کے دوران دو شدید زلزلے ریکارڈ کیے گئے، جن کی شدت بالترتیب 7.2 اور 7.5 تھی۔
ان زلزلوں کے باعث متعدد علاقوں میں عمارتیں، سڑکیں اور دیگر بنیادی ڈھانچے بری طرح متاثر ہوئے، جس سے بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان ہوا۔
رپورٹس کے مطابق امدادی ادارے مسلسل متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں، تاہم اب بھی سیکڑوں افراد کے ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے، جس کے باعث ہلاکتوں میں مزید اضافے کا اندیشہ بھی موجود ہے۔
دارالحکومت کاراکس میں کئی رہائشی اور تجارتی عمارتیں زمین بوس ہو گئیں، جس کے باعث ہزاروں شہری بے گھر ہو گئے اور بڑی تعداد میں متاثرین رات کھلے آسمان تلے سڑکوں پر گزارنے پر مجبور ہیں۔ زلزلے سے کاراکس ائیرپورٹ بھی متاثر ہوا، جس کے بعد فلائٹ آپریشن عارضی طور پر معطل کر دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : اعظم آباد میں سیکیورٹی فورسز کا کامیاب انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن، ایک خارجی ہلاک، دوسرا زخمی، پناہ گاہ بھی تباہ
ادھر وینزویلا کی قائم مقام صدر نے زلزلے سے متاثرہ ساحلی علاقوں کا دورہ کیا اور امدادی کارروائیوں کا جائزہ لیا، جبکہ متعلقہ اداروں کو متاثرین کی ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی ہدایات جاری کیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق دو بڑے زلزلوں کے بعد آفٹر شاکس کا سلسلہ بدستور جاری ہے اور اب تک ایک درجن سے زائد جھٹکے محسوس کیے جا چکے ہیں۔ ماہرین نے آئندہ ہفتے کے دوران تقریباً 5 شدت کے مزید ایک زلزلے کے امکان سے بھی خبردار کیا ہے۔
دوسری جانب امریکا نے وینزویلا میں امدادی سرگرمیوں کے لیے سرچ اینڈ ریسکیو ٹیمیں تعینات کر دی ہیں، جبکہ مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ لیو نے زلزلہ متاثرین کی فوری امداد کے لیے ایک لاکھ یورو فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔





