آئی فون 18 سیریز کی متوقع قیمتیں، لانچ پلان بھی سامنے آگیا

کیلیفورنیا: دنیا بھر میں ایپل کے صارفین کے لیے آئی فون 18 سیریز سے متعلق اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔

نئی رپورٹس میں متوقع قیمتوں، لانچ شیڈول اور پیداواری لاگت میں اضافے کی وجوہات پر روشنی ڈالی گئی ہے، جس کے بعد نئے آئی فونز کے منتظر صارفین کی دلچسپی مزید بڑھ گئی ہے۔

رپورٹس کے مطابق ایپل کے چیف ایگزیکٹو ٹم کک نے جون 2026 کے آغاز میں عندیہ دیا تھا کہ عالمی سطح پر میموری (ریم) اور اسٹوریج چپس کی قلت کے باعث کمپنی کی پیداواری لاگت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جس کی وجہ سے آئی فونز کی قیمتوں میں اضافہ ناگزیر ہو سکتا ہے، تاہم اس وقت نئی قیمتوں کی تفصیلات جاری نہیں کی گئی تھیں۔

اب سرمایہ کاری کے ادارے جے پی مورگن کے ایک تجزیہ کار کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایپل ہر نئے آئی فون ماڈل کی قیمت میں گزشتہ نسل کے مقابلے میں صرف 50 ڈالر اضافہ کرے گا۔

رپورٹ کے مطابق کمپنی لاگت کو قابو میں رکھنے کے لیے اپنے تیار کردہ سی سیریز موڈیم سمیت دیگر اندرونی ٹیکنالوجیز استعمال کرے گی تاکہ صارفین پر زیادہ مالی بوجھ نہ پڑے۔

متوقع قیمتوں کے مطابق آئی فون 18 پرو کی ابتدائی قیمت 1149 ڈالر جبکہ آئی فون 18 پرو میکس کی قیمت 1249 ڈالر رکھی جا سکتی ہے۔

اس سے قبل بعض رپورٹس میں قیمتوں میں 200 ڈالر تک اضافے کا امکان ظاہر کیا گیا تھا، تاہم تازہ تجزیے کے مطابق اضافہ اس سے کہیں کم ہونے کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ایم ڈی کیٹ 2026 کی رجسٹریشن شروع، امیدواروں کے لیے اہم ہدایات جاری

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے بڑھتے ہوئے استعمال کے باعث دنیا بھر میں ڈیٹا سینٹرز کی تعمیر میں تیزی آئی ہے، جس سے میموری اور اسٹوریج چپس کی طلب میں غیر معمولی اضافہ ہوا۔ اسی بڑھتی ہوئی طلب کے باعث چپ بنانے والی کمپنیوں نے قیمتیں بڑھا دی ہیں، جس کے اثرات اسمارٹ فون انڈسٹری پر بھی مرتب ہو رہے ہیں۔

وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق صرف آئی فون 18 پرو میں استعمال ہونے والے میموری اور اسٹوریج پرزہ جات کی لاگت، آئی فون 17 کے مقابلے میں تقریباً 150 ڈالر زیادہ ہو سکتی ہے، جو کمپنی کی مجموعی پیداواری لاگت میں اضافے کی ایک اہم وجہ سمجھی جا رہی ہے۔

رپورٹس کے مطابق ایپل ستمبر 2026 میں آئی فون 18 پرو کے ساتھ اپنا پہلا فولڈ ایبل آئی فون بھی متعارف کرا سکتی ہے، جبکہ آئی فون 18 اور آئی فون ایئر 2 کو 2027 کے آغاز میں پیش کیے جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

Scroll to Top