اسلام آباد :جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے اسلام آباد میں چین کے سفارت خانے کا دورہ کیا جہاں ان کی چینی سفیر ژا بانگ زے ڈانگ سے اہم ملاقات ہوئی۔
ملاقات میں مشرق وسطیٰ کی تازہ صورتحال، بالخصوص ایران اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے اسرائیل کی جانب سے مذاکرات کے دوران ایران پر کیے گئے حملوں کو بین الاقوامی قوانین اور سفارتی اصولوں کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ایسے اقدامات نہ صرف علاقائی امن کے لیے خطرناک ہیں بلکہ عالمی سفارتی روایات کی بھی صریح توہین ہیں۔
مولانا فضل الرحمان اور چینی سفیر نے اس بات پر زور دیا کہ ایران اسرائیل تنازع کو فوری طور پر سفارتکاری کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے اور جنگ بندی کے لیے عالمی سطح پر مؤثر کوششیں کی جائیں۔
یہ بھی پڑھیں : پی ٹی آئی عوامی مسائل پر احتجاج کی ہمت نہیں رکھتی، صرف بیانات تک محدود ہے، سردار حسین بابک
ملاقات میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ خطے کو پرامن رکھنے کے لیے سیاسی اور سفارتی ذرائع کا استعمال ناگزیر ہے، تاکہ کسی بڑے انسانی المیے سے بچا جا سکے۔
اس موقع پر پاکستان اور چین کے دوطرفہ تعلقات، خطے کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال اور معاشی تعاون کے فروغ پر بھی گفتگو ہوئی، جس میں باہمی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔





