سوات: سمر جیپ ریلی اختتام پذیر،50سے زائد جیپیں شریک

سوات میں دو روزہ “سمر جیپ ریلی” اختتام پذیر، ملک بھر سے 50 سے زائد جیپیں شریک ہوئیں۔

ریلی اپر سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی (USDA) کے زیرِاہتمام مشیر سیاحت و ثقافت زاہد چن زیب کی خصوصی دلچسپی پر منعقد کی گئی۔

ریلی کی قیادت ڈی جی اپر سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی عدنان ابرار نے کی، جبکہ تمام تر انتظامات USDA کے زیرِنگرانی مکمل ہوئے۔

جیپیں کالام بازار سے روانہ ہوکر بلند و بالا مقام “دیسان بانڈہ” تک پہنچیں، جو سطحِ سمندر سے 13,000 فٹ کی بلندی پر واقع ہے۔ تین گھنٹے طویل اس ٹریک نے ڈرائیورز کے حوصلے، مہارت اور گاڑیوں کی طاقت کا بھرپور امتحان لیا۔

ریلی کے دوران بڑی تعداد میں سیاح بھی موجود تھے جو نہ صرف جیپ ریس کا نظارہ کرنے آئےبلکہ سوات کی فطری خوبصورتی سے لطف اندوز بھی ہوئے۔

ایونٹ کے دوسرے روز گیبن جبہ اور دیسان بانڈہ میں نہ صرف ریلی کا اختتام ہوا، بلکہ صفائی مہم کا آغاز بھی کیا گیا۔

USDA کے مطابق اس مہم کا مقصد سیاحتی مقامات کی قدرتی خوبصورتی کو برقرار رکھنا ہے اور مقامی لوگوں و سیاحوں میں صفائی کے حوالے سے شعور پیدا کرنا ہے۔

تقریب کے اختتام پر ڈی جی USDA عدنان ابرار اور اسسٹنٹ کمشنر بحرین نے شرکاء میں انعامات اور شیلڈز تقسیم کیں، جبکہ منتظمین، ڈرائیورز اور رضاکاروں کو تعریفی اسناد بھی دی گئیں۔

USDA کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اس ریلی کا بنیادی مقصد ایڈونچر ٹورازم کا فروغ ہے، تاکہ ملک بھر سے سیاح سوات کی ان حسین وادیوں کی طرف راغب ہوں۔

یہ بھی پڑھیں :اسد قیصر کا پی ٹی آئی کی پالیسی سے لاتعلقی کا اظہار

ترجمان نے یہ بھی کہا کہ مستقبل میں مزید ایسی سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ سیاحتی امکانات کو بہتر طریقے سے استعمال کیا جا سکے۔

Scroll to Top