خیبرپختونخوا میں ن لیگ کے کارکنان کا انٹرا پارٹی انتخابات کا مطالبہ

پشاور: پاکستان مسلم لیگ نواز کے خیبرپختونخوا سے تعلق رکھنے والے کارکنوں نے پارٹی میں انٹرا پارٹی انتخابات جلد کرانے کا مطالبہ کر دیا۔

پشاور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ضلع مردان، چارسدہ، نوشہرہ، خیبر، کرک اور دیگر علاقوں سے آئے کارکنوں نے کہا کہ پارٹی میں نظریاتی کارکنوں کو مسلسل نظر انداز کیا جا رہا ہے۔

پریس کانفرنس کی قیادت عالم شریف ایڈووکیٹ نے کی، جن کا کہنا تھا کہ پارٹی کے وفادار اور قربانیاں دینے والے کارکنوں کو دیوار سے لگایا جا رہا ہے جبکہ من پسند افراد کو اسمبلیوں اور عہدوں تک پہنچایا جا رہا ہے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ 2010 کے بعد سے خیبرپختونخوا میں ن لیگ کی رکنیت سازی کا کوئی عمل نہیں ہوا اور پارٹی اندرونی طور پر گروپ بندیوں کا شکار ہو چکی ہے۔

کارکنوں نے کہا کہ گزشتہ آٹھ سالوں کے دوران نون لیگ کے نام سے کئی اتحاد بنے لیکن کوئی نتیجہ سامنے نہیں آیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پارٹی قیادت کو بارہا خطوط لکھے اور پریس کانفرنسوں کے ذریعے پیرا شوٹر مافیا کی نشاندہی کی گئی، مگر اعلیٰ قیادت کی جانب سے کوئی جواب نہیں دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں : اینٹی کرپشن اور تیمور سلیم آمنے سامنے، الزامات اور وضاحتوں کا سلسلہ شدت اختیار کر گیا

انہوں نے مطالبہ کیا کہ پارٹی کے تمام ونگز کو تحلیل کر کے آئین کے مطابق نئے انٹرا پارٹی انتخابات کرائے جائیں تاکہ اصل کارکنان کو نمائندگی ملے۔

پریس کانفرنس کے اختتام پر کارکنوں نے سوات میں حالیہ سانحے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے صوبائی حکومت سے ریسکیو اداروں کو فوری سامان فراہم کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔

Scroll to Top