پاکستان کا عالمی ثالثی عدالت کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ بھارت کو سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے کی اجازت نہیں ۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان نے آج ثالثی عدالت کی جانب سے متفقہ طور پر دیئے گئے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے جس میں بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ طور پر ’’التواء میں رکھنے‘‘ کی غیر قانونی کوشش کو دوٹوک انداز میں مسترد کرتے ہوئے اس بات کی توثیق کی گئی ہے کہ معاہدہ بدستور مکمل طور پر نافذالعمل اور دونوں فریقین کے لیے پابند ہے۔
سماجی رابطہ کی ویب سائیٹ ’’ایکس‘‘ پر اپنے بیان میں اسحاق ڈار نے کہا کہ یہ فیصلہ پاکستان کے اس مستقل موقف کی تائید کرتا ہے کہ کسی بھی پابند بین الاقوامی معاہدے کو یکطرفہ طور پر معطل یا ختم نہیں کیا جا سکتا۔
یہ بھی پڑھیں: عالمی ثالثی عدالت کا بھارت کو پاکستان کے ساتھ سندھ طاس معاہدے کی پاسداری کا حکم
انہوں نے کہا کہ بھارت پر لازم ہے کہ وہ سندھ طاس معاہدے کے تحت اپنی تمام ذمہ داریوں اور تنازعات کے حل کے لیے قائم طریقۂ کار کے تحت آنے والے پابند فیصلوں پر مکمل طور پر عمل کرے۔
اسحاق ڈا کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان ان شاء اللہ سندھ طاس معاہدے کے تحت اپنے حقوق کے تحفظ کے لیے مضبوطی سے پرعزم رہے گا۔





