گورنرپختونخوا کا سوات میں سیاحوں کی جان بچانیوالے مقامی نوجوانوں کیلئے انعام اور عمرہ کرانے کا اعلان

گورنرپختونخوا کا سوات میں سیاحوں کی جان بچانیوالے مقامی نوجوانوں کیلئے انعام اور عمرہ کرانے کا اعلان

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے دریائے سوات میں پھنسے سیاحوں کی جان بچانے والے مقامی نوجوانوں محمد ہلال خان اور عصمت علی کو ان کی بہادری اور انسانی خدمت کے جذبے پر انعامات سے نوازنے کا اعلان کر دیا۔

گورنر نے دونوں نوجوانوں سے ملاقات کی اور مصنوعی کشتی کے ذریعے اپنی جان پر کھیل کر سیاحوں کی جانیں بچانے پر ان کی جرات کو سراہا۔ فیصل کریم کنڈی نے نوجوانوں کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اعلان کیا کہ انہیں عمرہ پر بھیجا جائے گا، جبکہ ان کی بہادری کے اعتراف میں تعارفی شیلڈز بھی پیش کی گئیں۔

گورنر خیبرپختونخوا نے مزید اعلان کیا کہ وہ محمد ہلال خان اور عصمت علی کو سول ایوارڈ دینے کیلئے وزیرِاعظم کو سفارش بجھوائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’یہ نوجوان ہمارے معاشرے کے اصل ہیرو ہیں، جنہوں نے مشکل وقت میں انسانی جانوں کے تحفظ کیلئے غیر معمولی ہمت کا مظاہرہ کیا۔‘‘

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ سوات جیسے سیاحتی علاقوں میں ایمرجنسی سہولیات کی فراہمی نہایت اہم ہے، اور اس سلسلے میں انہوں نے چیئرمین ہلال احمر کو ہدایت جاری کی ہے کہ سوات میں ایمرجنسی خدمات کو مزید مستحکم کیا جائے۔

گورنر کا یہ اقدام سوات کے عوامی حلقوں اور سوشل میڈیا پر خوب سراہا جا رہا ہے، جہاں ان مقامی نوجوانوں کی جرات مندی پہلے ہی قوم کا دل جیت چکی ہے۔

Scroll to Top