رانی عندلیب
پشاور: پشاور یونیورسٹی کے پاکستان اسٹڈی سینٹر میں بورڈ آف گورنرز کی سفارشات کی روشنی میں ڈاکٹر خان فقیر کو ایسوسی ایٹ پروفیسر جبکہ ڈاکٹر طارق امین کو اسسٹنٹ پروفیسر کے عہدے پر ترقی دے دی گئی۔
ڈاکٹر خان فقیر پاکستان اسٹڈی سینٹر میں بطور اسسٹنٹ پروفیسر خدمات انجام دے رہے تھے۔ انہوں نے تاریخ میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے اور انہیں 18 سال سے زائد تدریسی و تحقیقی تجربہ حاصل ہے۔
ڈاکٹر خان فقیر کی خصوصی مہارت مطالعہ پاکستان، سیاسی تاریخ، آئین سازی، گورننس اور پاکستان کے عدالتی و قانونی اداروں کی تاریخ میں ہے۔ ان کے تحقیقی موضوعات میں پاکستان کی عدلیہ کا ارتقاء، انتظامیہ اور عدلیہ کے تعلقات، آئینی پیش رفت، خیبر پختونخوا میں گورننس، انسانی حقوق اور قانونی و ادارہ جاتی تاریخ شامل ہیں۔
وہ قومی و بین الاقوامی جرائد میں 50 سے زائد تحقیقی مقالے شائع کر چکے ہیں جبکہ متعدد ایم فل اور پی ایچ ڈی اسکالرز کی نگرانی بھی کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کی فیئر پرائس فارمیسی میں 3.74 ارب روپے کے مالی نقصان کی نشاندہی
دوسری جانب پاکستان اسٹڈی سینٹر میں بطور لیکچرار خدمات انجام دینے والے ڈاکٹر طارق امین 2015 سے سینٹر سے وابستہ ہیں۔
انہیں تدریسی، تحقیقی اور دیگر علمی سرگرمیوں میں فعال کردار ادا کرنے پر اسسٹنٹ پروفیسر کے عہدے پر ترقی دی گئی ہے۔
پاکستان اسٹڈی سینٹر کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر شہباز خان، فیکلٹی، انتظامی عملے اور طلبہ نے دونوں اساتذہ کو ترقی ملنے پر مبارکباد دی ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ ڈاکٹر خان فقیر اور ڈاکٹر طارق امین تدریسی و تحقیقی سرگرمیوں کے ساتھ سینٹر کی فلاح و ترقی میں بھی اپنا کردار جاری رکھیں گے۔





