سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد اضافے اور 30 فیصد الاؤنس کا نوٹیفکیشن جاری

وفاقی حکومت نے سرکاری ملازمین کو مالی ریلیف فراہم کرنے کے لیے تنخواہوں میں 10 فیصد اضافے اور 30 فیصد ڈسپیریٹی الاؤنس دینے کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ وزارت خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ان مراعات کا اطلاق یکم جولائی 2025 سے ہو گا۔

نجی ٹی وی چینل (جیونیوز)کے مطابق نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ یہ 10 فیصد ایڈہاک الاؤنس تمام وفاقی سول ملازمین، مسلح افواج اور سول آرمڈ فورسز کے اہلکاروں کی موجودہ بنیادی تنخواہ پر دیا جائے گا۔ اس رعایت سے کنٹریکٹ پر کام کرنے والے ملازمین بھی مستفید ہوں گے، جنہیں یہ الاؤنس اُن کی بنیادی تنخواہ میں شامل کیا جائے گا۔

اس کے ساتھ ہی وزارت خزانہ نے گریڈ 1 سے گریڈ 22 تک کے تمام وفاقی ملازمین کے لیے 30 جون 2022 کی بنیادی تنخواہ پر 30 فیصد ڈسپیریٹی الاؤنس کی منظوری بھی دے دی ہے۔ یہ الاؤنس بھی یکم جولائی 2025 سے نافذ العمل ہو چکا ہے۔

وزارت خزانہ کے مطابق اس فیصلے کا مقصد مختلف محکموں میں تنخواہوں کے فرق کو کم کرنا اور مہنگائی کے تناظر میں ملازمین کی مالی مشکلات میں کمی لانا ہے۔ تنخواہوں میں یہ اضافہ آئندہ ماہ کی تنخواہ میں شامل کر کے ادا کیا جائے گا۔

سرکاری ملازمین کی تنظیموں نے اس اقدام کا خیر مقدم کیا ہے اور کہا ہے کہ موجودہ معاشی حالات میں یہ اضافہ ایک خوش آئند قدم ہے، تاہم بعض حلقوں کی جانب سے مہنگائی کے تناسب سے اس اضافے کو ناکافی بھی قرار دیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ یہ اضافہ وفاقی بجٹ 2025-26 میں اعلان کردہ مالی پیکج کا حصہ ہے، جسے حال ہی میں قومی اسمبلی سے منظوری دی گئی تھی۔

Scroll to Top