کالام : کالام ہوٹل ایسوسی ایشن نے میڈیا پر پھیلنے والی ان افواہوں کی سختی سے تردید کی ہے جن میں دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ علاقے میں شدید سیلاب آیا ہے۔
ایسوسی ایشن کے مطابق سوشل، پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا پر پھیلائی جانے والی یہ اطلاعات مکمل طور پر جھوٹ پر مبنی اور من گھڑت ہیں۔
بیان میں واضح کیا گیا کہ کالام میں نہ صرف سیلاب کی کوئی صورتحال نہیں، بلکہ یہاں تیز بارش تک نہیں ہوئی۔ تمام ہوٹلز، ریسٹورنٹس اور سیاحتی مقامات کھلے ہیں، جبکہ آمد و رفت کے تمام راستے بھی مکمل طور پر بحال ہیں۔
ہوٹل ایسوسی ایشن نے زور دیا کہ اس قسم کی جھوٹی خبریں نہ صرف عوام میں بےچینی پھیلاتی ہیں بلکہ سیاحت کو بھی ناقابلِ تلافی نقصان پہنچاتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : ملک میں شدید بارشوں کی پیشگوئی، این ڈی ایم اے کا الرٹ جاری
عوام اور میڈیا سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ غیر مصدقہ خبروں سے گریز کریں اور سیاحتی سرگرمیوں میں رکاوٹ نہ ڈالیں۔
ایسوسی ایشن نے سیاحوں کو دعوت دی کہ وہ بلاخوف کالام آئیں اور علاقے کی خوبصورتی اور مہمان نوازی سے لطف اندوز ہوں۔





