وزارت غذائی تحفظ نے چینی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کو قابو میں رکھنے کے لیے پانچ لاکھ ٹن چینی درآمد کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے۔ یہ اقدام عوام کو ریلیف فراہم کرنے اور مارکیٹ میں قیمتوں کا توازن برقرار رکھنے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔
وزارت کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق چینی کی درآمد سرکاری شعبے کے ذریعے کی جارہی ہے تاکہ مارکیٹ میں شفافیت اور مؤثر کنٹرول برقرار رکھا جا سکے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس بار چینی کی درآمد ایک مؤثر اور بہتر حکمت عملی کے تحت کی جا رہی ہے جو ماضی سے مختلف اور زیادہ فعال ہے۔
اعلامیے میں مزید وضاحت کی گئی کہ جب حکومت نے چینی برآمد کرنے کا فیصلہ کیا تھا، اُس وقت ملک میں چینی کی وافر مقدار موجود تھی۔ تاہم، اب حالات کے پیش نظر مقامی مارکیٹ میں قیمتوں کو مستحکم رکھنے کے لیے درآمد کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزارت غذائی تحفظ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ چینی کی درآمد کے بعد مقامی مارکیٹ میں قیمتوں میں واضح کمی متوقع ہے، جس سے عام عوام کو براہ راست فائدہ پہنچے گا۔





