پشاور ہائی کورٹ کے جسٹس ایس ایم عتیق شاہ نے چیف جسٹس کے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے۔ گورنر خیبرپختونخوا نے ان سے عہدے کا حلف لیا۔ حلف برداری کی تقریب گورنر ہاؤس پشاور میں منعقد ہوئی، جس میں اعلیٰ حکام، سیاسی شخصیات اور عدالتی نمائندوں نے شرکت کی۔
تقریب میں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور، وفاقی وزیر برائے سیفران امیر مقام، اپوزیشن لیڈر خیبرپختونخوا اسمبلی ڈاکٹر عباداللہ، چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ، آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار احمد، کمشنر پشاور ریاض محسود، معزز ججز، وکلاء اور دیگر اہم شخصیات شریک ہوئیں۔
گورنر خیبرپختونخوا نے چیف جسٹس ایس ایم عتیق شاہ کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ جسٹس عتیق شاہ انصاف کی فراہمی کے عمل کو مزید شفاف اور مؤثر بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔





