چارسدہ : ضلع چارسدہ کے علاقے تنگی آبازئی اور گرد و نواح میں گرج چمک کے ساتھ شدید بارش کے بعد سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔ بارش کے بعد مقامی ندی نالے بپھر گئے، جس کے باعث علاقے میں آمد و رفت متاثر ہوئی ہے۔
ذرائع کے مطابق گیلگیچی پل کے مقام پر شدید سیلابی ریلہ آیا جبکہ ایک الٹو کار خوڑ عبور کرتے ہوئے پانی میں پھنس گئی۔ خوش قسمتی سے گاڑی کا مالک بحفاظت باہر نکل آیا اور کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق تاحال کسی قسم کی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ تاہم مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت امدادی کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔
ضلعی انتظامیہ نے فوری طور پر کنٹرول روم فعال کر دیا ہے اور صورتحال پر نظر رکھنے کے لیے ٹیمیں متحرک کر دی گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : ملک کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی پیشگوئی
محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے، جس کے باعث مقامی آبادی کو الرٹ رہنے اور نچلے علاقوں سے محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔





