محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں، گرج چمک اور موسلادھار بارش کی پیشگوئی کی ہے، جس کے باعث شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمے کے مطابق اسلام آباد، پنجاب، خیبر پختونخوا، شمال مشرقی بلوچستان، کشمیر اور گلگت بلتستان کے متعدد علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جب کہ بعض مقامات پر تیز اور موسلادھار بارش بھی متوقع ہے۔
خیبرپختونخوا میں دیر، چترال، سوات، کوہستان، مالاکنڈ، شانگلہ، بٹ گرام، بونیر، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، صوابی، پشاور، مردان، ہنگو، کرم اور کوہاٹ میں بارش اور تیز ہواؤں کا امکان ہے۔
پنجاب میں لاہور، شیخوپورہ، قصور، منڈی بہاؤالدین، چنیوٹ، اوکاڑہ، ساہیوال، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، ننکانہ صاحب، فیصل آباد، خوشاب، سرگودھا، میانوالی، بھکر، لیہ، ملتان، خانیوال، بہاولپور، بہاولنگر، کوٹ ادو، رحیم یار خان، اور ڈیرہ غازی خان شامل ہیں۔
بلوچستان میں بارکھان، کوہلو، موسیٰ خیل، ڈیرہ بگٹی، لورالائی، ژوب، خضدار اور قریبی علاقوں میں بھی بارش متوقع ہے۔
دوسری جانب، محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور شدید حبس والا رہے گا، بارش کا کوئی امکان ظاہر نہیں کیا گیا۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں، خصوصاً نشیبی علاقوں میں رہنے والوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ بارش کے باعث ممکنہ طور پر پیدا ہونے والی صورتحال، جیسے اربن فلڈنگ یا ٹریفک میں خلل، سے بچنے کے لیے پیشگی انتظامات کریں۔





