پاکستان باڈی بلڈنگ فیڈریشن کے زیر اہتمام ملک بھر سے آئے 122 کھلاڑیوں نے پہلی نیشنل پی ایس بی باڈی بلڈنگ اینڈ فزیک چیمپئن شپ 2025 میں 23 مختلف کیٹیگریز میں بھرپور حصہ لیا۔
مقابلے سینئر، جونیئر، ماسٹر، ایتھلیٹک فزیک اور سپورٹس فزیک کی کیٹیگریز میں منعقد ہوئے۔
ورلڈ اور ایشین باڈی بلڈنگ فیڈریشنز کے نامزد ماہر ججز اور مختلف صوبوں سے آئے جیوری کے ارکان نے کھلاڑیوں کی کارکردگی کا بغور جائزہ لیا۔
چیمپئن شپ میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے آٹھ ٹاپ کھلاڑی ایشین چیمپئن شپ 2025 کے لیے منتخب ہوئے، جن میں اعجاز احمد، فراست علی، محسن اقبال، محمد شکیل، بلال احمد، اسامہ سعید، ہارون رشید اور فیضان گل شامل ہیں۔
باڈی بلڈنگ ایشین چیمپئن شپ 18 سے 25 اگست 2025 کو تھائی لینڈ میں منعقد ہوگی۔
پاکستان باڈی بلڈنگ فیڈریشن کے سیکریٹری جنرل سہیل انور مہمان خصوصی کے طور پر موجود تھے، انہوں نے چیمپئن شپ اور پہلے اینٹی ڈوپنگ آگاہی سیمینار کے کامیاب انعقاد میں پاکستان سپورٹس بورڈ کے تعاون کا شکریہ ادا کیا۔
یہ بھی پڑھیں: کیا بابر اعظم صائم یا فخر کے ساتھ اوپننگ کریں گے؟ فیصلہ سامنے آگیا
سیکریٹری جنرل باڈی بلڈنگ فیڈریشن سہیل انور نے کہا کہ باڈی بلڈنگ کے کھیل کو قومی سطح پر فروغ دینے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں اور ہماری کارکردگی خود گواہی دے گی۔





