وانا(نورعلی)ضلع جنوبی وزیرستان اپر اورجنوبی وزیرستان لوئرکی تحصیل برمل میں کل 17 جولائی بروز جمعرات صبح 6 بجے سے شام 7 بجے تک مکمل کرفیو نافذ کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
جاری اعلامیہ کے مطابق جنوبی وزیرستان اپر میں کرفیو کے دوران عزیز آباد چوک سے مدی جان، شین وارسک اور مولا خان سرائے تک کا راستہ، اور سرویکئ سے مولا خان سرائے کے راستے بروند تک کا علاقہ مکمل طور پر بند رہے گا۔
کرفیو کے دوران ضلع کے حدود میں تمام قسم کی نقل و حرکت پر مکمل پابندی ہوگی، کرفیو کے دوران تمام بازار اور مارکیٹس بند رہیں ۔
اسی طرح جنوبی وزیرستان لوئر کی تحصیل برمل میں مکمل طور کرفیو نافذ رہے گا، کرفیو کے دوران ہر قسم کی نقل و حرکت پر مکمل پابندی ہوگی اور مذکورہ حدود میں تمام بازار اور مارکیٹس بند رہیں گے ۔
جنوبی وزیرستا ن لوئر میں کرفیو کے دوران وانا سے تیارزہ گیٹ، کرب کوٹ، تنائی تا عزیز آباد چوک تک کا راستہ، نیز زمچن، خمرنگ، رغزئی اور شولام تا وانا تک کے روٹس پر داخلہ سختی سے منع کیا گیا ہے۔
انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ صرف ایمرجنسی کی صورت میں، شناختی کارڈ اور ضروری کاغذات کے ساتھ سیکیورٹی فورسز کی پیشگی اجازت کے بعد سفر کی مشروط اجازت دی جا سکتی ہے۔
مزید ہدایت کی گئی ہے کہ سیکیورٹی فورسز کی گاڑی قریب آنے پر شہری اپنی گاڑی سڑک سے 100 میٹر نیچے اتار دیں تاکہ کسی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ سیکیورٹی اقدامات میں تعاون کریں اور خاص طور پر ڈیرہ اسماعیل خان اور ٹانک سے جنوبی وزیرستان کی طرف سفر کرنے سے گریز کریں۔
یہ بھی پڑھیں : ریاست مخالف سوشل میڈیا سرگرمیوں کا الزام، علیمہ خان کو نوٹس جاری
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے اور کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے کیا گیا ہے۔





