خیبرپختونخوا میں اگلی حکومت ن لیگ کی ہوگی، وفاقی وزیر رانا تنویر

شیخوپورہ: وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ آنے والے انتخابات میں خیبرپختونخوا میں حکومت مسلم لیگ (ن) تشکیل دے گی۔

آبائی شہر شیخوپورہ میں میڈیا سے گفتگو کر تے ہوئے رانا تنویر نے کہاکہ 5 اگست کو مظاہرے کا اعلان کرنے والا گروہ ایک بار پھر ناکامی سے دوچار ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے بانی رہنما جیل میں بیٹھ کر اب بھی محاذ آرائی کی باتیں کر رہے ہیںلیکن ان کی سیاست اب عوام کے لیے قابلِ قبول نہیں رہی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ شاہ محمود قریشی کی رہائی کسی خفیہ مفاہمت کا نتیجہ نہیں بلکہ عدلیہ کے میرٹ پر کیے گئے فیصلوں کا تسلسل ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سزا دینا یا بری کرنا عدالتوں کا دائرہ اختیار ہےلیکن 9 مئی جیسے واقعات قوم کبھی برداشت نہیں کرے گی۔

رانا تنویر نے واضح کیا کہ حکومت نے مذاکرات کی کئی بار پیشکش کی حتیٰ کہ وزیراعظم کی سطح پر بھی مگر پی ٹی آئی کی قیادت بات چیت پر آمادہ ہی نہیں ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں : ایشیا کپ یو اے ای میں منعقد ہوگا

رانا تنویر نے انکشاف کیا کہ خیبرپختونخوا میں مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کی واپسی کا سلسلہ جاری ہے اور نوابزادہ محسن کی وزیراعظم سے حالیہ ملاقات اسی عمل کا حصہ ہے۔

Scroll to Top