اسلام آباد(شیراز احمد شیرازی )پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹریٹ کے درجنوں وفادار ملازمین گزشتہ نو ماہ سے مالی مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔
زرائع کے مطابق اکتوبر 2024 سے اب تک تنخواہوں میں نصف کٹوتی کی گئی ہے جس کی وجہ سے ملازمین شدید پریشانی کا شکار ہیں، کئی ملازمین نے پارٹی کے لیے اپنی خدمات کے دوران گرفتاری اور تشدد بھی برداشت کیا، مگر اب انہیں نوکری سے نکالے جانے کا خطرہ بھی لاحق ہے۔
پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ مالی بحران کی وجہ سے چند لاکھ روپے کی تنخواہوں کی ادائیگی نہ ہونا پارٹی کے لیے باعث شرمندگی ہے۔
ملازمین نے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان، سلمان اکرم راجہ اور شیخ وقاص کو کئی بار اس مسئلے سے آگاہ کیا، لیکن ابھی تک کوئی خاطر خواہ قدم نہیں اٹھایا گیا۔
میڈیا ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ سبغت اللہ ورک بھی سیاسی مشکلات کی وجہ سے غائب ہو گئے تھے اور انہوں نے مالی مسائل کے باعث پارٹی قیادت کو استعفیٰ بھی بھیجا تھا تاہم پارٹی نے انہیں بھی نظر انداز کیا۔
ذرائع کے مطابق بانی چئیرمین کی ہدایت کے باوجود کئی ایم این ایز اور ایم پی ایز نے فنڈز جمع نہیں کروائے جس کی وجہ سے مالی مسائل مزید بڑھ گئے۔
یہ بھی پڑھیں : پی ٹی آئی 5 اگست ریلی اجلاس میں غیرحاضری، 6ایم پی ایز اور ایم این اے کو وارننگ جاری
مرکزی سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے واجبات کی ادائیگی کی یقین دہانی کروائی تھی لیکن اب تک اس پر عمل درآمد نہیں ہو سکا۔





