پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر )کے مطابق کیپٹن محمد سرور شہید نشانِ حیدر کا 77واں یومِ شہادت آج عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے، مسلح افواج نے مادرِ وطن کے اس بہادر سپوت کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
کیپٹن محمد سرور شہید نے 27 جولائی 1948ء کو پہلی کشمیر جنگ کے دوران تل پترا، آزاد کشمیر کے محاذ پر جامِ شہادت نوش کیا، ان کی غیر معمولی بہادری، قیادت اور قربانی کو سراہتے ہوئے انہیں نشانِ حیدر سے نوازا گیا، اور وہ یہ اعزاز پانے والے پہلے پاکستانی سپاہی بنے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کیپٹن سرور شہید نے ہمت، غیر متزلزل عزم اور ماہرانہ حکمتِ عملی کے ساتھ دشمن کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور اپنی قیادت سے جوانوں کا حوصلہ بلند رکھا، ان کی قربانی حب الوطنی اور دلیری کی روشن مثال ہے۔
ترجمان کے مطابق پاک فوج کیپٹن سرور شہید کی عظیم قربانی کو مشعلِ راہ سمجھتی ہے اور ان کی لازوال میراث کو سلام پیش کرتی ہے، مسلح افواج نے ملک کی خودمختاری کے تحفظ کے لیے اپنے غیر متزلزل عزم کا بھی اعادہ کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: عالمی خطرات اور پیچیدہ ہائبرڈ چیلنجز میں باہمی فوجی تعاون کی اشد ضرورت ہے،فیلڈ مارشل
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ قوم آج کے روز کیپٹن سرور شہید کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے اور وطن کے دفاع کے لیے جان نچھاور کرنے والے شہدا کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔





