ایشیا کپ 2025 کا سب سے بڑا ٹاکرا پاکستان اور بھارت کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان 14 ستمبر کو ہونے جا رہا ہے اور اس میچ کا ہر لمحہ کرکٹ کے شائقین کے لیے انتہائی سنسنی خیز ہوگا۔
ایشیا کپ 2025 میں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں دو بار آمنے سامنے آئیں گی جو کہ ایک دلچسپ مقابلے کی نوید ہے، اگر دونوں ٹیمیں سپر فور مرحلے تک پہنچتی ہیں اور فائنل میں ایک دوسرے کے مدمقابل آتی ہیں تو یہ دونوں ٹیموں کے درمیان تیسری ٹکر بھی دیکھنے کو مل سکتی ہے۔
ایشین کرکٹ کونسل کے صدر نے ایشیا کپ 2025 کا شیڈول جاری کر دیا ہے، ٹورنامنٹ 9 ستمبر سے 28 ستمبر تک متحدہ عرب امارات میں کھیلا جائے گا، ایونٹ کا افتتاحی میچ 9 ستمبر کو افغانستان اور ہانگ کانگ کے درمیان ہوگا اور اسی دن بھارت اپنا پہلا میچ یو اے ای کے خلاف کھیلے گا۔
گروپ سٹیج کے میچز 9 سے 19 ستمبر کے دوران کھیلے جائیں گے جس میں پاکستان، بھارت، متحدہ عرب امارات اور عمان ایک ہی گروپ میں شامل ہوں گے جبکہ بنگلہ دیش، سری لنکا، افغانستان اور ہانگ کانگ گروپ بی میں ہوں گے۔
پاکستان کا پہلا میچ 12 ستمبر کو عمان کے خلاف ہوگا،سب سے زیادہ منتظر میچ 14 ستمبر کو پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلا جائے گا، اس کے بعد 15 ستمبر کو سری لنکا اور ہانگ کانگ کا میچ ہوگا، اور 17 ستمبر کو پاکستان اور یو اے ای کا میچ کھیلا جائے گا۔
سپر فور اسٹیج کا آغاز 20 ستمبر کو ہوگا اور ایشیا کپ 2025 کا فائنل 28 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: ایشیا کپ یو اے ای میں منعقد ہوگا
پاکستان اور بھارت کے درمیان ان میچوں کے حوالے سے شائقین کرکٹ کی دلچسپی انتہائی زیادہ ہے اور یہ ٹورنامنٹ دونوں ٹیموں کے لئے بڑی چیلنجز اور یادگار لمحوں کا حامل ہوگا۔





