بانی پی ٹی آئی کے بیٹے پاکستان آئیں گے نہ ہی ان کی رہائی ممکن ہے، فیصل کریم کنڈی

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ بانی پاکستان تحریک انصاف  کے بیٹے پاکستان نہیں آئیں گے، اور بانی کی جیل سے رہائی کے امکانات بھی نظر نہیں آ رہے۔

گورنر کے پی نے کہا کہ سینیٹ انتخابات میں وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کو سخت چیلنجز کا سامنا رہا, انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہو چکی ہے، یہاں تاجروں، مقامی رہنماؤں اور عام شہریوں سے بھتہ خوری کی جا رہی ہے۔

فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں شہری شام کے بعد گھروں سے باہر نکلنے سے گھبراتے ہیں,  انہوں نے فاٹا انضمام کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انضمام کے وقت کیے گئے وعدوں کے مطابق قبائلی علاقوں کے لیے مختص فنڈز فوری جاری کیے جائیں۔

گورنر کے پی نے قبائلی علاقوں کے مسائل کے حل کے لیے جرگہ تشکیل دینے کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ قبائلی عمائدین پر مشتمل ایک مؤثر جرگہ فاٹا معاملات میں پیش رفت لا سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعلیٰ امین گنڈا پور خاموش کیوں ہیں؟ جواب دیں، طلال چودھری

گورنر فیصل کریم کنڈی نے وفاقی حکومت کو بھی آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں خیبرپختونخوا کو نظرانداز کیا جا رہا ہے، انہوں نے کہا کہ لیپ ٹاپ سکیم، یوتھ پروگرام اور دانش اسکول جیسے منصوبے صرف پنجاب تک محدود ہیں، جب کہ کے پی کے نوجوانوں اور طلبہ کو یکسر نظر انداز کیا گیا ہے۔

Scroll to Top