وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے خبردار کیا ہے کہ بھارت کے سرپرستی یافتہ دہشت گرد عناصر کو سخت انجام کا سامنا کرنا پڑے گا اور ان کے سہولت کاروں کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ جو بھی ریاستی رٹ کو چیلنج کرے گا اس کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت کوئٹہ میں امن و امان کی صورتحال پر بلائے گئے اعلیٰ سطح اجلاس ہوا جس میں وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سمیت سیکیورٹی اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں بلوچستان کے مختلف علاقوں میں فتنۂ ہندوستان کے خلاف جاری سیکیورٹی آپریشنز کا جائزہ لیا گیا اور موجودہ صورت حال پر تفصیلی غور و فکر کیا گیا، وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے اجلاس کو صوبے میں سیکیورٹی اقدامات، امن و امان کی مجموعی کیفیت اور صوبائی ایکشن پلان پر عمل درآمد کے حوالے سے آگاہ کیا۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ ریاست پاکستان، دہشت گردی کے خلاف فیصلہ کن جنگ لڑ رہی ہے اور بلوچستان حکومت کو اس جدوجہد میں مکمل تعاون حاصل رہے گا، اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان دشمن عناصر کے لیے ملک کی زمین تنگ کر دی جائے گی۔
وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف یہ لڑائی صرف سیکیورٹی فورسز کی نہیں بلکہ پوری قوم کی جنگ ہے، انہوں نے واضح کیا کہ صوبے میں سب ورژن اور دہشت گردی میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیوں کی رفتار مزید تیز کی جا چکی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ریاستی ادارے آپس میں مکمل ہم آہنگی کے ساتھ امن کے قیام کے لیے سرگرم ہیں اور سیکیورٹی فورسز و عوام کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی، وزیراعلیٰ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہر صورت امن قائم کر کے دکھایا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں:: عالمی خطرات اور پیچیدہ ہائبرڈ چیلنجز میں باہمی فوجی تعاون کی اشد ضرورت ہے،فیلڈ مارشل
اجلاس میں آئی جی پولیس بلوچستان، فرنٹیئر کور کے سربراہ، سی ٹی ڈی، اسپیشل برانچ، لیویز اور محکمہ داخلہ سمیت قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی





