ایرانی صدر مسعود پز شکیان دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے، پرتپاک استقبال

ایرانی صدر مسعود پز شکیان دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے، پرتپاک استقبال

ایران کے صدر مسعود پزشکیان اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ دو روزہ سرکاری دورے پر لاہور پہنچ گئے، جہاں ان کا علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر صدر مسلم لیگ ن نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پرتپاک استقبال کیا۔ ایئرپورٹ پر بچوں نے صدر مسعود پزشکیان کو گلدستے پیش کیے، جنہوں نے بچوں سے محبت کا اظہار کیا اور استقبال کرنے والوں کا شکریہ ادا کیا۔

نجی ٹی وی چینل (دنیا نیوز)کے مطابق ایرانی صدر کے اعزاز میں ریڈ کارپٹ بچھایا گیا اور ایئرپورٹ کو پاکستان اور ایران کے پرچموں سے سجایا گیا تھا۔ ایرانی صدر کے ساتھ وزیر خارجہ عباس عراقچی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی لاہور پہنچے۔

صدر مسعود پزشکیان نے لاہور میں مزار اقبال پر حاضری دی، اور آج شام اسلام آباد کے لیے روانہ ہوں گے۔ اس دوران لاہور میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ ان کے اعزاز میں ایک پرتکلف ضیافت بھی دی جائے گی۔

ایران کے صدر مسعود پزشکیان کی صدر آصف علی زرداری اور قومی اسمبلی کے سپیکر سردار ایاز صادق سے آج شام ملاقاتیں شیڈول ہیں۔

دورے سے قبل میڈیا سے گفتگو میں ایرانی صدر نے کہا کہ ان کا دورہ پاکستان کے ساتھ تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے کے لیے ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دورے کے دوران سرحدی سلامتی، علاقائی امن، اور سرحدی منڈیوں پر بات چیت ہوگی، اور دونوں ملکوں کے درمیان تجارت کا حجم 10 ارب ڈالر تک پہنچانے کی کوششیں جاری ہیں۔

مسعود پزشکیان نے کہا کہ ایران پاکستان اور چین کے ’’ون بیلٹ ون روڈ‘‘ منصوبے میں فعال شرکت کا خواہاں ہے، جس سے ایران کو یورپ سے براہ راست رابطہ مل سکے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاک ایران اسلامی اتحاد کو نقصان پہنچانے کی کسی بھی کوشش کو ناکام بنا دیا جائے گا۔

Scroll to Top