پاکستان ایران کے جوہری پروگرام کی حمایت کرتا ہے، اس کے حق کے لیے ساتھ کھڑا ہے، شہباز شریف

پاکستان ایران کے جوہری پروگرام کی حمایت کرتا ہے، اس کے حق کے لیے ساتھ کھڑا ہے، شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان، ایران کے پرامن جوہری پروگرام کی مکمل حمایت کرتا ہے اور اس کے حق کے لیے ایران کے ساتھ کھڑا ہے۔

نجی ٹی وی چینل (ایکسپریس نیوز )کے مطابق یہ بات انہوں نے وزیراعظم ہاؤس میں ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ شہباز شریف نے کہا کہ ایران کے صدر کا دورہ پاکستان دونوں برادر ممالک کے درمیان گہرے تعلقات کا مظہر ہے۔ انہوں نے ایرانی صدر اور ان کے وفد کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ امت مسلمہ اور مظلوم کشمیریوں کے حق میں آواز بلند کی ہے، اسی طرح ایران کے پرامن مقاصد کے جوہری پروگرام کی حمایت پاکستان کا اصولی مؤقف ہے۔

قبل ازیں ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کی وزیراعظم ہاؤس آمد پر ایک پروقار استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے معزز مہمان کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے اور پاک فوج کے چاک وچوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔

بعد ازاں وزیراعظم شہباز شریف نے ایرانی صدر کا وفاقی وزرا اور اعلیٰ حکام سے تعارف کروایا جن میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر تجارت جام کمال، وزیر اطلاعات عطا تارڑ سمیت دیگر شامل تھے۔

ایرانی صدر نے بھی اپنے کابینہ اراکین کا وزیراعظم سے تعارف کرایا۔ بعد ازاں وزیراعظم ہاؤس کے سبزہ زار میں ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے یادگاری پودا لگایا اور عالم اسلام کی ترقی و خوشحالی کے لیے دعا کی گئی۔

دونوں رہنماؤں کے درمیان وفود کی سطح پر باضابطہ ملاقات بھی ہوئی، جس میں باہمی تعاون، علاقائی صورتحال اور اقتصادی روابط کو وسعت دینے پر بات چیت کی گئی۔

Scroll to Top