رافیل طیارے کی تباہی نے بھارتی دفاعی دعوؤں کا پول کھول دیا

رافیل طیارے کی تباہی نے بھارتی دفاعی دعوؤں کا پول کھول دیا

بین الاقوامی جریدے رائٹرز نے آپریشن سندور میں بھارت کی فوجی ناکامی اور پاکستان کی دفاعی برتری سے متعلق اہم انکشافات کیے ہیں، نریندر مودی کی دفاعی حکمت عملی پر سنگین سوالات اٹھا دیے ہیں۔

رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق پاکستان نے جدید چینی ٹیکنالوجی کی مدد سے بھارت کا جدید ترین رافیل جنگی طیارہ مار گرایا، یہ طیارہ پاک فضائیہ نے خصوصی آپریشن کے تحت ائیر چیف ظہیر احمد بابر سدھو کے احکامات پر نشانہ بنایا۔

یہ فضائی لڑائی تقریباً ایک گھنٹے تک جاری رہی جس میں وہ رافیل طیارہ تباہ کر دیا گیا جسے اب تک کسی جنگ میں نقصان نہیں پہنچا تھا۔

رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ نہ صرف تکنیکی لحاظ سے اہم ہے بلکہ یہ بھارتی فضائیہ کے لیے ایک بڑی تذلیل بن کر سامنے آیا۔

رائٹرز کا کہنا ہے کہ رافیل کی تباہی کی بنیادی وجہ بھارتی انٹیلیجنس کی ناکامی تھی، بھارتی حکام نے پاکستانی میزائل کی رینج کا غلط اندازہ لگایا جس کی وجہ سے رافیل کے پائلٹس کو خطرے کا احساس ہی نہ ہوا، پاکستانی جے-10 سی طیاروں نے چینی PL-15 میزائل سے 200 کلومیٹر دور سے حملہ کیا۔

پاکستان نے لڑائی کے دوران الیکٹرانک وارفیئر کی جدید تکنیک استعمال کی، بھارتی ریڈار اور مواصلاتی نظام کو مکمل طور پر جام کر دیا گیا، اس آپریشن میں چینی سسٹم، سویڈش ریڈار اور پاکستانی ڈیٹا لنک کا مربوط استعمال کیا گیا جس سے پاکستان کو واضح برتری حاصل ہوئی۔

رائٹرز نے انکشاف کیا کہ بھارتی فضائی بیڑہ مختلف ممالک کے طیاروں پر مشتمل ہونے کے باعث غیر مربوط تھا اور بھارت کے پاس کوئی مؤثر نیٹ ورک موجود نہیں تھا جس کے ذریعے وہ مربوط جوابی کارروائی کر پاتا۔

ابتدائی نقصان کے بعد بھارت نے حکمت عملی تبدیل کرتے ہوئے براہموس میزائلوں سے پاکستانی تنصیبات پر حملے کیے تاہم انہیں محدود کامیابی ملی، فرانس کے ایئر چیف کی تصدیق کے باوجود مودی حکومت نے رافیل کی تباہی کو تسلیم کرنے سے انکار کر دیا۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی خفیہ ایجنسی کی نااہلی کی وجہ سے رافیل طیارے گرے، عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کی تہلکہ خیز رپورٹ

تاریخ میں پہلی بار کسی جنگ میں رافیل طیارہ تباہ ہوا جو مودی حکومت کے لیے عالمی سطح پر شرمندگی اور رسوائی کا باعث بن گیا۔

دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ مودی کی ناقص حکمت عملی نے بھارتی افواج کو نہ صرف میدان جنگ میں شکست دی بلکہ دنیا کے سامنے بھارت کی دفاعی کمزوریوں کو بھی بے نقاب کر دیا۔

Scroll to Top