صدر زرداری اور ایرانی صدر کی ملاقات، باہمی تعلقات کے فروغ پر اتفاق

صدر زرداری اور ایرانی صدر کی ملاقات، مسئلہ کشمیر پر حمایت پر اظہار تشکر

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے ایوانِ صدر میں پاکستان کے صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔

ایرانی صدر اپنے وفد کے ہمراہ پاکستان کے سرکاری دورے پر ہیں اور ایوان صدر آمد پر صدر آصف زرداری نے ان کا گرمجوشی سے استقبال کیا، اس موقع پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار بھی موجود تھے۔

ایوان صدر میں ایرانی صدر اور ان کے وفد کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا گیا جس کے بعد دونوں سربراہان کے درمیان تفصیلی گفتگو ہوئی، صدر زرداری نے ایرانی قیادت کے علاقائی امور پر مؤقف کو سراہتے ہوئے تہران کی مستقل حمایت پر شکریہ ادا کیا۔

دونوں رہنماؤں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات مذہب، ثقافت اور تاریخ کی مشترکہ بنیاد پر قائم ہیں اور خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ سفارتی کوششوں کو مزید مؤثر بنانے کی ضرورت ہے۔

صدر زرداری نے ایران کے خلاف اسرائیلی اقدامات کی شدید مذمت کی اور 12 روزہ جنگ میں ایرانی عوام کی ثابت قدمی کو خراج تحسین پیش کیا، صدر مملکت نے ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کا کشمیری عوام کے حق میں مؤقف اپنانے پر خصوصی شکریہ ادا کیا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتا ہوں، ایرانی صدر مسعود پزشکیان

صدر مملکت نے امید ظاہر کی کہ ایرانی صدر کا یہ دورہ دونوں ممالک کے قریبی تعلقات کو نئی جہت دے گا اور خطے میں باہمی تعاون کو مزید تقویت بخشے گا۔

Scroll to Top