ایران کے صدر مسعود پزشکیان پاکستان کا دو روزہ دورہ مکمل کرنے کے بعد وطن واپس روانہ ہو گئے۔
وفاقی وزرا عطا تارڑ اور ریاض حسین پیرزادہ نے نور خان ایئربیس اسلام آباد پر معزز مہمان کو رخصت کیا، رخصتی کے موقع پر وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے ایرانی صدر کو ان کے دورے کی تصویری البم پیش کی۔
دورہ پاکستان کے دوران ایرانی صدر نے صدرِ پاکستان آصف علی زرداری اور وزیرِ اعظم شہباز شریف سے ملاقاتیں کیں جن میں دو طرفہ تعلقات، اقتصادی تعاون، اور علاقائی اُمور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں ممالک کی قیادت نے دو طرفہ تجارت کا حجم 10 ارب ڈالر تک بڑھانے پر اتفاق کیا، مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے لیے معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط بھی کیے گئے۔
ایرانی صدر نے اسلام آباد میں پاک ایران بزنس فورم میں بھی شرکت کی، تجارتی وفود کے درمیان کاروباری روابط کو فروغ دینے پر زور دیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: صدر زرداری اور ایرانی صدر کی ملاقات، مسئلہ کشمیر پر حمایت پر اظہار تشکر
ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے پاکستان میں پرتپاک خیرمقدم اور مہمان نوازی پر حکومتِ پاکستان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔





