گلگت:گلگت بلتستان حکومت کے ترجمان فیض اللہ فراق نے بتایا ہے کہ نجی ٹی وی کے اینکر ان کی فیملی اور دیگر افراد اب تک لاپتہ ہیں، اور ان کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ امکان ہے کہ سیلابی ریلا ان افراد کو بہا کر دریائے سندھ میں لے گیا ہو۔
ترجمان کے مطابق بابوسر ٹاپ کے قریب شاہراہ سے متاثرہ گاڑیاں ملبے تلے سے برآمد ہو چکی ہیں، لیکن لاپتہ افراد کا تاحال کوئی سراغ نہیں لگایا جا سکا۔ انہوں نے بتایا کہ دریائے سندھ کے کناروں اور شاہراہ بابوسر پر سرچ آپریشن جاری ہے۔
فیض اللہ فراق نے امید ظاہر کی کہ وزیراعظم شہباز شریف سیلاب متاثرین کے دکھوں کا مداوا بنیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان میں حالیہ سیلابی تباہ کاریوں کے بعد بحالی کے کاموں میں تیزی لائی گئی ہے۔
زیادہ تر رابطہ سڑکیں اور آبپاشی چینلز بحال کر دیے گئے ہیں جبکہ بیشتر علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی بحال ہو چکی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : بابوسر ٹاپ سے نجی ٹی وی کی اینکر اہلِ خانہ سمیت لاپتہ، بیٹے کا پرس برآمد
انہوں نے مزید بتایا کہ وزیراعظم کے دورہ گلگت بلتستان سے قبل تین وفاقی وزرا پہلے ہی علاقے میں پہنچ چکے ہیں۔ وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرکے تباہی کا جائزہ لیا ہے۔
علاقے میں متاثرہ خاندانوں کو امداد کی فراہمی اور محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا عمل بھی جاری ہے، جبکہ مقامی انتظامیہ اور ریسکیو ادارے مکمل الرٹ ہیں۔





