خیبر پختونخوا اور ملک بھر میں پولیس کے جانثاروں کو یاد کر کے شمعیں روشن کی گئیں

پشاور: خیبر پختونخوا بھر میں یومِ شہدائے پولیس عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔

اس موقع پر شہدا کی یاد میں مختلف شہروں میں تقاریب کا انعقاد کیا گیا، جن میں شہداء کی قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے شمعیں روشن کی گئیں۔

سی سی پی اوز، ڈی آئی جیز، ڈی پی اوز سمیت سینئر پولیس افسران، شہدائے پولیس کے اہل خانہ، سول سوسائٹی کے نمائندگان اور شہریوں کی بڑی تعداد نے ان تقریبات میں شرکت کی۔ مختلف یادگاروں پر شمعیں روشن کی گئیں اور شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔

آئی جی خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید نے یومِ شہداء کے موقع پر کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس کے شہداء نے ملک و قوم کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ ان کی قربانیاں لازوال ہیں اور انہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ شہدائے پولیس جرات، بہادری اور وطن سے وفاداری کی روشن مثال ہیں۔ پولیس شہداء کے اہل خانہ کی فلاح و بہبود کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں، اور ان کی ہر ممکن ویلفیئر کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

خیبر پختونخوا پولیس کے ترجمان کے مطابق یوم شہداء صرف خیبر پختونخوا ہی نہیں، بلکہ ملک بھر میں منایا گیا، جہاں پولیس کے ان جانبازوں کو یاد کیا گیا جنہوں نے امن و امان کی بحالی اور عوام کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

یاد رہے آج 4 اگست میں یوم شہدا کو باقاعدہ طور پر خیبر پختونخوا سمیت ملک بھر منایا جارہا ہے۔

Scroll to Top