سربراہ عوام پاکستان پارٹی شاہد خاقان عباسی نے ملک میں وسیع سیاسی ڈائیلاگ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس میں اسٹیبلشمنٹ اور عدلیہ کو بھی شامل کیا جائے۔
نجی ٹی وی دنیا نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ تحریک انصاف کو احتجاج کرنے کی اجازت دی جائے کیونکہ صرف اسی ذریعے بانی پی ٹی آئی عمران خان جیل سے رہائی حاصل کر سکیں گے۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ملک کا سب سے بڑا مسئلہ قانون کی حکمرانی کا فقدان ہے اور حکومت کا لاہور میں جلسے کی اجازت نہ دینا ناکامی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ عوام پاکستان پارٹی کو پی ٹی آئی کے احتجاج میں شرکت کی دعوت نہیں دی گئی۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی مقتدرہ سے بات سمجھ سے باہر ہے اور موجودہ حکمران ملک نہیں چلا پا رہے، انہیں کرسی چھوڑ کر ملک کی ترقی کے لیے راستہ تلاش کرنا چاہیے۔
عوام پاکستان پارٹی کے سربراہ نے کہا کہ شوگر ملز مالکان کی فہرست طلب کی جائے کیونکہ 90 فیصد شوگر ملز کے مالکان سیاستدان اور مختلف جماعتوں سے تعلق رکھتے ہیں، چینی کی قیمتوں کا مسئلہ طلب اور رسد سے جڑا ہوا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا اور ملک بھر میں پولیس کے جانثاروں کو یاد کر کے شمعیں روشن کی گئیں
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ تحریک انصاف کو نظام کے اندر رہ کر کام کرنا چاہیے، اور اگر پی ٹی آئی اسمبلیاں چھوڑتی ہے تو پھر حکومت کو بھی اپنا منصب چھوڑنا چاہیے۔ انہوں نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جو چینی کی فراہمی نہیں کر سکتے وہ اور کیا کر سکیں گے۔





