محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آج سے 7 اگست کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں موسلادھار بارشوں کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے، جس کے باعث شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
نجی ٹی وی چینل (جیو نیوز)کے مطابق اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے ہونے والی بارش نے موسم خوشگوار بنا دیا، جبکہ کراچی کے مختلف علاقوں میں بھی ہلکی بارش اور بوندا باندی ہوئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز کے دوران اسلام آباد، پنجاب، خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان کے بعض علاقوں میں موسلادھار بارش کا امکان ہے، جو نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا باعث بن سکتی ہے۔
6 اگست کو بلوچستان میں بھی تیز بارشیں متوقع ہیں، جس کے باعث ندی نالوں میں طغیانی اور معمولات زندگی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ اسی طرح سندھ کے ساحلی علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا اور ہلکی بارش یا بوندا باندی ہو سکتی ہے۔
دوسری جانب راول ڈیم کے اسپل ویز کھول دیے گئے ہیں تاکہ ممکنہ اضافی پانی کو کنٹرول کیا جا سکے۔ جبکہ دریائے سندھ میں کالا باغ، تونسہ، گڈو اور سکھر بیراج کے مقامات پر نچلے درجے کا سیلاب بدستور موجود ہے۔
محکمہ موسمیات اور متعلقہ اداروں نے شہریوں کو محتاط رہنے، سفر کے دوران موسمی حالات سے باخبر رہنے، اور ندی نالوں کے قریب جانے سے گریز کی ہدایت کی ہے۔





