قومی اسمبلی کا اجلاس آج شام 5 بجے اسپیکر سردار ایاز صادق کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہو گا، جس کے لیے 32 نکاتی ایجنڈا جاری کر دیا گیا ہے۔
ایجنڈے کے مطابق اجلاس میں اسلام آباد میں زیر زمین پانی کی شدید قلت پر وزارت داخلہ کی توجہ مبذول کرانے کے لیے توجہ دلاؤ نوٹس پیش کیا جائے گا، جس پر ارکان کی جانب سے تشویش کا اظہار متوقع ہے۔
اجلاس میں کئی اہم قانون سازی بھی زیر غور آئے گی۔
پاکستان شہریت ایکٹ میں ترمیم کا بل
ملک میں موٹر گاڑیوں کی صنعت کے فروغ سے متعلق بل
وفاقی دارالحکومت اتھارٹی آرڈیننس
غذائی تحقیق و ترقی سے متعلق آرڈیننس
شامل ہیں، جنہیں منظوری کے لیے ایوان میں پیش کیا جائے گا۔
مزید برآں، پاکستان میں کاروبار کو آسان بنانے کے لیے اہم تجاویز پر بھی غور ہو گا، جن میں پاکستان ریگولیٹری رجسٹری اور پاکستان بزنس پورٹل کے قیام کی تجاویز شامل ہیں۔ ان تجاویز کا مقصد کاروباری عمل کو سہل اور شفاف بنانا ہے۔
اجلاس میں مختلف قائمہ کمیٹیوں کی رپورٹس ایوان میں پیش کی جائیں گی، جب کہ صدرِ مملکت کے 10 مارچ 2025 کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب پر اظہارِ تشکر کی قرارداد پر بحث بھی ایجنڈے کا حصہ ہے۔
اجلاس کے دوران متعدد بلز، ترامیم اور دیگر توجہ دلاؤ نوٹسز بھی پیش کیے جائیں گے، جن میں قومی اہمیت کے مختلف امور پر غور متوقع ہے۔





