فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان نئے دور میں داخل، دنیا بھی معترف

فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان نئے دور میں داخل، دنیا بھی معترف

برطانوی جریدے ’’دی اکانومسٹ‘‘نے اپنی حالیہ اشاعت میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت اور ان کے عالمی سفارتی کردار کو سراہتے ہوئے پاکستان کو ایک نئے سفارتی دور میں داخل ہونے والا ملک قرار دیا ہے۔ 3 اگست کو شائع ہونے والے مضمون میں فیلڈ مارشل کی کوششوں کو پاک-امریکہ تعلقات، خطے میں امن، اور عالمی سرمایہ کاری کی بحالی کے تناظر میں مثبت انداز میں پیش کیا گیا ہے۔

مضمون کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے 18 جون کو سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے وائٹ ہاؤس میں نجی ملاقات کی، جسے خطے میں سفارتی تبدیلی کی اہم کڑی قرار دیا گیا ہے۔

نجی ٹی وی چینل (دنیا نیوز )کے مطابق ’’دی اکانومسٹ‘‘کے مطابق امریکا نے حالیہ دنوں میں بھارت کی معاشی صورتحال پر سخت مؤقف اپناتے ہوئے اسے ’’مردہ معیشت‘‘ قرار دیا اور 25 فیصد ٹیرف عائد کر دیا، جبکہ پاکستان کے ساتھ تجارتی تعاون کے تحت صرف 19 فیصد ٹیرف مقرر کیا گیا، جو دونوں ممالک کے بڑھتے ہوئے اعتماد کا عکاس ہے۔

جریدے کے مطابق امریکا، پاکستان کے ساتھ دفاعی، تجارتی اور انسداد دہشت گردی کے شعبوں میں تعاون کی بحالی پر کام کر رہا ہے، جسے جنوبی ایشیا، چین اور مشرق وسطیٰ سے متعلق امریکی پالیسی میں ایک بڑی تبدیلی قرار دیا جا رہا ہے۔

مضمون میں مزید انکشاف کیا گیا کہ امریکا کے اعلیٰ عہدیداروں نے داعش کے خلاف پاکستان کی کارروائیوں کا اعتراف کرتے ہوئے، پاکستان کو بکتر بند گاڑیاں، نائٹ ویژن آلات سمیت جدید دفاعی سازوسامان فراہم کرنے پر غور شروع کر دیا ہے۔

’’دی اکانومسٹ‘‘ کا کہنا ہے کہ عالمی سفارت کار اور سرمایہ کار براہ راست فیلڈ مارشل سے رابطے میں ہیں، اور ان کے ذریعے پاکستان کے ساتھ کاروباری روابط کو فروغ دے رہے ہیں۔ خاص طور پر چین اور خلیجی ممالک کے ساتھ فیلڈ مارشل کی متوازن پالیسی کو خطے میں استحکام کا باعث قرار دیا گیا ہے۔

بھارت کے ساتھ حالیہ کشیدگی کے بعد فیلڈ مارشل عاصم منیر کی مقبولیت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، اور ان کی جوابی حکمت عملی کو غیر ملکی میڈیا اور پالیسی سازوں کی جانب سے جرأت مندانہ اقدام قرار دیا جا رہا ہے۔

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ صدر ٹرمپ کے قریبی سرمایہ کار پاکستان کے کرپٹو اور مائننگ سیکٹر میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتے ہیں، جو ملک کے لیے ایک نئی معاشی راہیں کھول سکتا ہے۔

’’دی اکانومسٹ‘‘نے یہ نتیجہ اخذ کیا کہ پاکستان کی نئی سفارتی حکمت عملی فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں عالمی سطح پر نہ صرف پاکستان کے تشخص کو ابھار رہی ہے بلکہ انہیں خود بھی ایک نئی بین الاقوامی شناخت دلا رہی ہے۔

Scroll to Top