پاکستان تحریک انصاف کی 5 اگست کو متوقع احتجاج سے قبل لاہور میں کشیدگی بڑھ گئی ہے۔ پولیس نے تحریک کے آغاز سے پہلے ہی پی ٹی آئی کے سینئر رہنماؤں کے گھروں پر چھاپے مار کر گرفتاریوں کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔
نجی ٹی وی چینل (ایکسپریس نیوز )کے مطا بق شاہدرہ پولیس نے تحریک انصاف کے سینئر رہنما اکمل خان باری کے گھر پر چھاپہ مارا، تاہم اکمل خان پچھلے دروازے سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ اس دوران پولیس نے ان کے چھوٹے بھائی محمود اللہ خان کو گرفتار کر لیا ہے۔
اکمل خان باری نے پولیس کارروائی کو حکومتی بوکھلاہٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ 5 اگست کی تحریک سے پہلے ہی حکومت کی ٹانگیں کانپ رہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جاتی امرا کے مارشل لا کے تحت تحریک انصاف کو پرامن احتجاج کی بھی اجازت نہیں دی جا رہی۔
انہوں نے کہا’’پنجاب حکومت نے فسطائیت کے تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں، لیکن ظلم و جبر کے باوجود کل پورے لاہور سے پی ٹی آئی کے کارکن پرامن احتجاج کے لیے سڑکوں پر نکلیں گے۔‘‘
حکام کی جانب سے جاری کارروائیوں کے باعث سیاسی کشیدگی میں مزید اضافہ متوقع ہے اور احتجاج سے قبل صورتحال کو کنٹرول کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔





