وزیر اعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پر گلگت بلتستان پہنچ گئے

وزیر اعظم شہباز شریف ایک روزہ دورے پر گلگت بلتستان پہنچ گئے

وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف ایک روزہ دورے پر آج گلگت بلتستان پہنچ گئے، جہاں وہ حالیہ بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا جائزہ لینگے، متاثرین سے ملاقات کرینگے اور امدادی سرگرمیوں کا اعلان متوقع ہے۔

نجی ٹی وی چینل (دنیا نیوز )کے مطابق گلگت ایئرپورٹ پر وزیر اعظم کا استقبال گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ، وزیر اعلیٰ گلبر خان، چیف سیکرٹری، آئی جی پولیس اور فورس کمانڈر نے کیا۔

وزیر اعظم کے ہمراہ وفاقی کابینہ کے اہم اراکین بھی موجود تھے جن میں وزیرِ مواصلات عبدالعلیم خان، وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وزیرِ امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام، وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک، مشیرداخلہ رانا ثناء اللہ اور وزیر اعظم کے کوآرڈینیٹر شبیر عثمانی شامل ہیں۔

وزیر اعظم کو نقصانات پر بریفنگ دی جائے گی
دورے کے دوران وزیر اعظم کو گلگت بلتستان میں حالیہ شدید بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی جائے گی۔ شہباز شریف متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کریں گے اور ریلیف پیکج کا اعلان متوقع ہے۔

’’متاثرین کی نظریں وزیر اعظم پر ہیں‘‘ترجمان حکومت گلگت بلتستان
ترجمان گلگت بلتستان حکومت فیض اللہ فراق نے وزیر اعظم کے دورے کو نیک شگون قرار دیتے ہوئے کہا کہ’’سیلاب کی بدترین تباہی نے گلگت بلتستان کو 20 ارب روپے سے زائد نقصان پہنچایا ہے۔ وفاقی حکومت کا تعاون ہمارے لیے آکسیجن جیسا ہے، اور متاثرین کی نظریں وزیر اعظم پر لگی ہوئی ہیں۔ اجڑے گھروں اور مٹی میں ملبوس بستیوں کے مکین زخموں پر مرہم کے منتظر ہیں۔‘‘

وفاقی حکومت سے بڑے ریلیف پیکج کی توقع
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف اپنے دورے کے دوران امدادی رقوم کی تقسیم کے ساتھ ساتھ متاثرہ علاقوں کے لیے خصوصی بحالی پیکج کا اعلان بھی کر سکتے ہیں، تاکہ متاثرہ انفرا اسٹرکچر کی بحالی اور مقامی آبادی کی مدد کی جا سکے۔

Scroll to Top