اسلام آباد:وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزا فاطمہ خواجہ نے اعلان کیا ہے کہ حکومت ایک ایسی پالیسی تیار کر رہی ہے جس کے تحت اسمارٹ فونز کو آسان اقساط پر عوام تک پہنچایا جائے گاتاکہ ہر فرد ڈیجیٹل دنیا کا حصہ بن سکے۔
پاک چائنا فرینڈشپ سینٹر میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یہ اقدام حکومت کے اس وژن کا حصہ ہے جس کے تحت جدید ٹیکنالوجی کو علم، ہنر اور تعلیم کے فروغ کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ خاص طور پر نوجوانوں، طالبات اور خواتین کو سائنس و ٹیکنالوجی سے جوڑنا وقت کی ضرورت ہے۔ حکومت کی کوشش ہے کہ ایس ٹی ای ایم (STEM) یعنی سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور ریاضی کے میدان میں نوجوانوں کو نئے مواقع فراہم کیے جائیں۔
شزا فاطمہ نے ڈیجیٹل تربیت کے جاری پروگراموں کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ “ڈی جی اسکلز” کے تحت ایک سال میں ایک لاکھ نوجوانوں کو ٹریننگ دی گئی جبکہ رواں سال کا ہدف 10 لاکھ بچوں کو مصنوعی ذہانت (AI) کی تربیت فراہم کرنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ٹرمپ نے بھارت پر مزید ٹیرف عائد کرنے کی دھمکی دیدی
ان کا مزید کہنا تھا کہ خواتین کو قومی ترقی میں بھرپور کردار ادا کرنے کے قابل بنانے کے لیے تمام عوامی مقامات کو محفوظ بنایا جا رہا ہے۔





