واشنگٹن/لندن : امریکی وزیر خارجہ مارک روبیو اور برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں عالمی سطح پر جاری اہم بحرانوں پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔
امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے غزہ کی موجودہ کشیدہ صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور جنگ بندی کے لیے کی جانے والی کوششوں کی مکمل حمایت کی یقین دہانی کروائی۔
انہوں نے یرغمال بنائے گئے افراد کی فوری رہائی کے لیے جاری عالمی اقدامات کی حمایت بھی کی۔
دونوں وزرائے خارجہ نے سوڈان میں جاری خانہ جنگی اور اس کے خطے پر پڑنے والے اثرات پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے سیاسی حل کی ضرورت پر زور دیا۔
علاوہ ازیں روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ کے حوالے سے دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ اس تنازع کا جلد از جلد خاتمہ ناگزیر ہے اور عالمی امن کے لیے تمام ممکنہ سفارتی اقدامات کیے جانے چاہئیں۔
یہ بھی پڑھیں : ٹرمپ کی دھمکی پر بھارت کا واضح مؤقف ،امریکا خود روس سے خریداری کرتا ہے
مزید برآں امریکی اور برطانوی وزرائے خارجہ نے ایران کو ایٹمی ہتھیار بنانے یا حاصل کرنے سے روکنے کے لیے مشترکہ کوششوں پر اتفاق کیا۔
امریکی محکمہ خارجہ نے اس رابطے کو عالمی امن اور سلامتی کے فروغ کے لیے جاری کوششوں کا حصہ قرار دیا ہے۔





