ریاست، عدلیہ اور جمہوریت کی بقا کیلئے کھڑے ہیں، ماضی کو بھلا کر آگے بڑھنا ہوگا، بیرسٹر گوہر

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ 9 مئی کی دھند اب بیٹھنی چاہیے، کیونکہ حساب برابر ہو چکا ہے۔ اب وقت ہے کہ ایک دوسرے کو عزت، پہچان اور سیاسی اسپیس دی جائے تاکہ ملک جمہوری استحکام کی طرف بڑھ سکے۔

بونیر میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ اگر پی ٹی آئی کو جائز سیاسی اسپیس نہ دی گئی تو جمہوریت خطرے میں پڑ سکتی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ریاستی اداروں اور عدلیہ پر عوام کا اعتماد بتدریج کمزور ہوتا جا رہا ہے، جو نظام کے لیے نقصان دہ ہے۔

قومی اخبار (روزنامہ جنگ ویب سائٹ)کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ 5 اگست کے بعد جماعت آئندہ کا واضح لائحہ عمل سامنے لائے گی، جبکہ 14 اگست کو ملک گیر تحریک کی تیاری مکمل کر لی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پارٹی کی 39 پارلیمنٹرینز نااہلی اور سزا کے خطرے سے دوچار ہیں، جس سے سیاسی عدم استحکام اور ادارہ جاتی بحران جنم لے سکتا ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ سیاسی انتقام کے سلسلے کو ختم کیے بغیر ترقی اور استحکام ممکن نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی ریاست کی بقا، جمہوریت کے استحکام اور عدلیہ کی آزادی کی بھرپور حامی ہے۔

Scroll to Top