تحریک انصاف کا آج یوم احتجاج، بانی کی رہائی کیلئے اسلام آباد سے اڈیالہ تک ریلی کی تیاریاں

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے بانی پارٹی کی رہائی کے لیے آج (منگل) ملک گیر یوم احتجاج منانے کا اعلان کر دیا ہے۔ پارٹی قیادت نے اس حوالے سے مکمل حکمت عملی مرتب کر لی ہے، جب کہ پارلیمنٹرینز صبح 10 بجے خیبرپختونخوا ہاؤس اسلام آباد میں جمع ہوں گے۔

نجی ٹی وی چینل (سما نیوز)کے مطابق پی ٹی آئی کے ارکانِ پارلیمنٹ خیبرپختونخوا ہاؤس سے اڈیالہ جیل راولپنڈی تک ریلی نکالنے کی تیاری کر چکے ہیں، تاہم اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے ایف نائن پارک میں جلسے کی درخواست مسترد کر دی گئی ہے۔ دوسری جانب، جڑواں شہروں میں ممکنہ احتجاج کو روکنے کے لیے سیکیورٹی اداروں نے کمر کس لی ہے۔

انتظامیہ نے راولپنڈی اور اسلام آباد میں 10 اگست تک دفعہ 144 نافذ کر دی ہے اور پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے۔ خلاف ورزی کی صورت میں سخت قانونی کارروائی کا عندیہ دیا گیا ہے، جب کہ شہریوں کو کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کا حصہ نہ بننے کی تنبیہ جاری کی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق ضرورت پڑنے پر اسلام آباد کا ریڈ زون سیل کیے جانے کا امکان بھی موجود ہے۔

پی ٹی آئی رہنما عمیر نیازی نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ہر صوبے کے لیے مختلف حکمت عملی اپنائی گئی ہے۔ ان کے مطابق خیبرپختونخوا میں احتجاجی ریلی واضح نظر آئے گی، جب کہ پنجاب کے لیے ابتدائی طور پر ارکانِ اسمبلی کو علیحدہ علیحدہ ڈیوٹیاں دی گئی تھیں، لیکن اب یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ پنجاب کے ایم پی ایز اور ایم این ایز بھی اسلام آباد پہنچیں گے۔

پی ٹی آئی کے مطابق بانی چیئرمین کی رہائی تک سیاسی دباؤ بڑھایا جائے گا اور ملک گیر احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جا سکتا ہے۔

Scroll to Top