یومِ آزادی: باجوں کی فروخت اور استعمال پر پابندی، ضلعی انتظامیہ حرکت میں آ گئی

اسلام آباد: یوم آزادی 14 اگست سے قبل اسلام آباد انتظامیہ نے وفاقی دارالحکومت میں باجوں کی فروخت اور استعمال پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کی جانب سے جاری احکامات کے مطابق شہر بھر میں کسی بھی اسٹال پر باجے فروخت کرنے یا استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہوگی، خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی کی جائے گی۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ہر سال یومِ آزادی کے موقع پر جشن منانے کے دوران باجوں کا بے جا استعمال عوام کے لیے پریشانی کا باعث بنتا ہے، جس کی روک تھام کے لیے یہ قدم اٹھایا گیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز اور مجسٹریٹس کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ فوری طور پر فیلڈ میں نکلیں اور باجوں کی فروخت کے خلاف کارروائی کریں۔

ضلعی انتظامیہ کو یہ بھی ہدایت دی گئی ہے کہ شہر بھر کے اسٹالز سے باجے ضبط کیے جائیں اور روزانہ کی بنیاد پر کارروائیاں کی جائیں۔

یہ بھی پڑھیں : جشن آزادی کی تیاریاں عروج پر، شہروں میں قومی پرچموں کی بہار

حکام کا کہنا ہے کہ جس علاقے میں باجے فروخت ہوتے پائے گئے، اس کے ذمہ دار متعلقہ افسر ہوں گے۔

اس اقدام کا مقصد شہریوں کو غیر ضروری شور شرابے اور تکلیف دہ ماحول سے بچانا ہے تاکہ یومِ آزادی خوش اسلوبی سے منایا جا سکے۔

Scroll to Top