14 اگست یومِ آزادی پاکستان کی تیاریاں ملک بھر میں جوش و خروش سے جاری ہیں۔
خیبرپختونخوا سمیت کراچی سے گلگت بلتستان تک ہر گلی، ہر محلہ، ہر بازار اور ہر سڑک سبز ہلالی پرچموں سے سج چکی ہے۔
ہر عمر کے پاکستانی، چاہے بچہ ہو یا بزرگ، نوجوان ہو یا خواتین، سب کی زبان پر صرف ایک ہی نغمہ ہے ،یہ وطن تمہارا ہے، تم ہو پاسبان اس کے۔
گاڑیوں، موٹر سائیکلوں اور رکشوں پر قومی پرچم لہرا رہے ہیں، تو بچوں کے ہاتھوں میں جھنڈیاں اور چہروں پر پاکستان کے رنگ نمایاں ہیں۔
بازاروں میں گہما گہمی عروج پر ہے۔ جھنڈیاں، بیجز، ٹی شرٹس، چوڑیاں، کپ، ہیڈ بینڈز اور دیگر قومی اشیاء کی خریداری جاری ہے۔
چھوٹے بچے قومی نغمے گنگناتے سڑکوں پر گھوم رہے ہیں اور نوجوان اپنے گھروں، گلیوں اور چھتوں کو روشنیوں اور پرچموں سے سجا رہے ہیں۔
خصوصی تقریبات، ملی نغموں کی محافل، اسکولوں میں ریہرسل، اور فلیگ مارچ کی تیاریاں بھی تیز ہو گئی ہیں۔ پورا ملک جشنِ آزادی کی خوشی میں ڈوبا ہوا ہے اور ہر چہرہ وطن سے محبت کا عکاس ہے۔
سبز ہلالی پرچم کی عظمت اور پاکستان کی شناخت کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے اس سال بھی یومِ آزادی کے موقع پر سرکاری و نجی سطح پر رنگا رنگ تقریبات منعقد ہوں گی۔





