حج 2026 کی سرکاری اسکیم کے تحت رجسٹرڈ افراد کے لیے درخواستیں جمع کرانے کا آج (ہفتہ، 9 اگست 2025) آخری دن ہے۔
نجی ٹی وی چینل (سنو نیوز)کے مطابق وزارتِ مذہبی امور کی ہدایت پر ملک بھر کے 14 مجاز بینکوں کی مخصوص برانچیں ہفتہ کے روز بھی صبح 9 بجے سے دوپہر 2:30 بجے تک کھلی رہیں گی تاکہ رجسٹرڈ افراد اپنی درخواستیں جمع کرا سکیں۔
حکام کے مطابق، صرف چار دنوں میں پاکستان اور آزاد کشمیر سے مجموعی طور پر 4 لاکھ 55 ہزار افراد نے رجسٹریشن کرائی، مگر ان میں سے اب تک صرف 60 ہزار افراد نے بینکوں میں اپنی درخواستیں جمع کروائی ہیں۔
حج 2026 کے لیے پہلی مرتبہ سرکاری اسکیم کا کوٹہ 70 فیصد اور نجی اسکیم کا 30 فیصد مختص کیا گیا ہے۔ وزارت مذہبی امور نے واضح کیا ہے کہ پہلے سے رجسٹرڈ افراد کے لیے آج درخواست جمع کرانے کا آخری موقع ہے، جبکہ جو افراد پہلے رجسٹر نہیں ہو سکے، وہ 9 سے 16 اگست 2025 تک درخواستیں جمع کروا سکتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق، اگر 9 سے 16 اگست کے درمیان موصول ہونے والی درخواستیں مقررہ کوٹے سے کم ہوئیں تو درخواستوں کی تاریخ میں توسیع کا امکان رد نہیں کیا جا رہا۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے 14 مجاز بینکوں کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ ہفتہ کے روز اپنی متعلقہ برانچیں کھلی رکھیں۔ ان بینکوں میں شامل ہیں:
نیشنل بینک آف پاکستان
حبیب بینک
یونائیٹڈ بینک
ایم سی بی
الائیڈ بینک
بینک الفلاح
زرعی ترقیاتی بینک
فیصل بینک
عسکری بینک
بینک الحبیب
حبیب میٹروپولیٹن بینک
سونیری بینک
میزان بینک
بینک اسلامی
اسٹیٹ بینک نے مذکورہ بینکوں کو اجازت دی ہے کہ وہ 4 اگست سے 9 اگست 2025 تک حج کے لیے رجسٹرڈ افراد سے درخواست فارم وصول کر سکتے ہیں۔





