شمالی وزیرستان میں جشن آزادی اور معرکہ حق کی کامیابی پر رنگارنگ تقریبات

شمالی وزیرستان میں جشن آزادی اور معرکہ حق کی کامیابی پر رنگارنگ تقریبات

شمالی وزیرستان میں یومِ آزادی اور معرکہ حق کی کامیابی کے سلسلے میں شاندار اور رنگارنگ تقریبات کا انعقاد کیا گیا، جنہوں نے علاقے کا منظر خوشیوں، جذبے اور قومی یکجہتی سے بھر دیا۔

تقریبات میں مختلف کھیلوں کے مقابلے، ملی نغمے، تقاریر، ثقافتی پروگرام اور دیگر تفریحی سرگرمیاں شامل تھیں۔ مقامی کھلاڑیوں کے درمیان ہونے والے فائنل میچ میں شائقین کا جوش و خروش قابل دید تھا، جبکہ بچوں نے قومی پرچم تھامے حب الوطنی سے بھرپور تقاریر اور نغموں کے ذریعے اپنے جذبات کا اظہار کیا۔

جی او سی میران شاہ، میجر جنرل عادل افتخار نے تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ ان کے ہمراہ ضلعی انتظامیہ، قبائلی عمائدین، معتبرین، مشران اور شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی، جنہوں نے ملک سے محبت کے جذبے کے تحت بھرپور شرکت کی۔

مہمان خصوصی نے بچوں میں انعامات تقسیم کیے اور ان کی کارکردگی، لگن اور حب الوطنی کے جذبے کو سراہا۔ انہوں نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شمالی وزیرستان کے عوام نے ہمیشہ پاکستان سے والہانہ محبت کا مظاہرہ کیا ہے، اور آج کی یہ تقریبات اسی جذبے کی عکاس ہیں۔

تقریب کا اختتام شاندار آتش بازی سے ہوا، جس نے رات کے آسمان کو روشنیوں سے جگمگا دیا اور شرکاء کے چہروں پر خوشی بکھیر دی۔ عوام نے ایسی تقریبات کو ملک میں امن، اتحاد اور ترقی کی علامت قرار دیتے ہوئے مستقبل میں بھی ان کے تسلسل کی امید ظاہر کی۔

Scroll to Top