فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو ’ہلال جرات‘ سے نوازا گیا

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو ’ہلال جرات‘ سے نوازا گیا

ایوان صدر اسلام آباد میں ایک پُروقار تقریب کے دوران نمایاں سول و عسکری خدمات انجام دینے والی شخصیات کو اعلیٰ ریاستی اعزازات سے نوازا گیا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی صدر مملکت آصف علی زرداری تھے، جب کہ وزیر اعظم شہباز شریف، وفاقی وزراء، اعلیٰ عسکری حکام اور دیگر اہم شخصیات بھی اس موقع پر موجود تھیں۔

تقریب میں پاک فوج کے سپہ سالار فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو انتہائی مشکل حالات میں جرأت مندانہ قیادت اور بے مثال عسکری حکمت عملی پر ’ہلالِ جُرأت‘ سے نوازا گیا۔ ان کی قیادت میں فوج نے نہ صرف اندرونی و بیرونی چیلنجز کا جواں مردی سے سامنا کیا بلکہ ملکی دفاع کو نئی بلندیوں تک پہنچایا۔

مزید اعزازات میں:
جنرل ساحر شمشاد مرزا (چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی) کو ’نشانِ امتیاز‘ سے نوازا گیا۔
ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر کو بھی ’ہلالِ جُرأت‘ کا اعزاز دیا گیا۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کو بین الاقوامی محاذ پر پاکستان کا مؤقف مؤثر انداز میں پیش کرنے پر خصوصی اعزاز دیا گیا۔
وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کو سندھ طاس معاہدے پر پاکستان کا دوٹوک مؤقف اپنانے پر اعزاز سے نوازا گیا۔
بھارت کی بلااشتعال جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے پر وزیر دفاع خواجہ آصف کو ’نشانِ امتیاز‘ دیا گیا۔
معرکۂ حق میں اطلاعات کی بروقت اور مؤثر ترسیل پر وزیر اطلاعات عطا تارڑ کو ’نشانِ امتیاز‘ سے نوازا گیا۔
داخلی سطح پر امن و اتحاد برقرار رکھنے پر وزیر داخلہ محسن نقوی بھی ’نشانِ امتیاز‘ کے حقدار قرار پائے۔
عالمی فورمز پر پاکستان کا مؤقف بھرپور انداز میں پیش کرنے اور بھارت کی سازشوں کو بے نقاب کرنے پر بلاول بھٹو زرداری کو بھی ’نشانِ امتیاز‘ سے نوازا گیا۔
قومی اتفاق رائے اور سیاسی ہم آہنگی میں نمایاں کردار ادا کرنے پر معاونِ خصوصی رانا ثناء اللہ کو ’نشانِ امتیاز‘ سے سرفراز کیا گیا۔
تقریب کے اختتام پر صدر مملکت نے تمام اعزاز یافتگان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ اعزازات نہ صرف ان کی خدمات کا اعتراف ہیں بلکہ پاکستان کی سلامتی، خودمختاری اور ترقی کے عزم کی علامت بھی ہیں۔

Scroll to Top